اسلام آباد سموگ سے آزاد، موسم بہتر، سیاسی ہلچل نہیں ہے!

  اسلام آباد سموگ سے آزاد، موسم بہتر، سیاسی ہلچل نہیں ہے!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد میں ان دِنوں موسم خزاں کے باوجود بہار آئی ہوئی ہے اور درختوں پر زرد پتوں کے ساتھ ساتھ رنگ برنگے پھول بھی کھلے ہوئے ہیں،سموگ سے پاک فضاء کی وجہ سے شہری تفریح بھی کر رہے ہیں،اِس موسم میں بھی سیاسی موسم ابھی تک کھلا نہیں اور سب تیاریوں کے باوجود یہاں سیاسی گہما گہمی نہیں ہے اور بعض حلقے اب بھی شکوک کا اظہار کر رہے ہیں،حالانکہ الیکشن کمیشن واضح طور پر اپنے اقدامات کی قواعد کے مطابق تکمیل بھی کرتا چلا جا رہا ہے اور یہ بھی بتا دیا گیا ہے کہ شیڈول کا باقاعدہ اعلان آٹھ فروری(پولنگ ڈے) سے54روز قبل کر دیا جائیگا،اس کے ساتھ ہی کمیشن کی طرف سے وزارت داخلہ کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے خط لکھ کر فوج تعینات کرنے کی درخواست بھی کی ہے، جبکہ فنڈز کی دستیابی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تشویش کے بعد سیکرٹری خزانہ نے طلب کئے جانے پر یقین دہانی کرا دی ہے کہ مطلوبہ فنڈز مہیا کئے جائیں گے اور اب اطلاع ملی کہ 17ارب مزید دے دیئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی ایک بیان میں بتایا کہ فنڈز کوئی مسئلہ نہیں، طے شدہ حوالے سے فنڈز مہیا کئے جائیں گے،الیکشن کمیشن نے فنڈز کی عدم دستیابی کے حوالے سے سیکرٹری خزانہ کو طلب کیا تھا جو پیر کو آ کر یقین دِلا گئے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے اور عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس آ گئے ہیں اس دورے میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی ان کے ساتھ تھے، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک سے کامیاب مذاکرات ہوئے جن کے نتیجے میں متعدد معاہدوں پر دستخط ہو گئے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی را ہیں ہموار ہوئی ہیں۔ نگران وزیراعظم نے ”کوپ“ کے اجلاس میں بھی اپنے ملک کا کیس اچھی طرح پیش کیا اور بتایا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں کوئی کردار نہیں،اس کے باوجود متاثر ہونے والی ممالک میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے اور گزشتہ برس کی بارشوں اور سیلاب نے اربوں ڈالر کا نقصان کیا،انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ متاثرہ ممالک کے لئے فنڈز مہیا کرنا بھی ضروری ہے۔

اسلام آباد میں ان دِنوں زیادہ تر مقدمات کی شنوائی ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین کو جماعتی منصب سے ہٹانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فل بنچ نے سماعت مکمل کر لی۔یہ سماعت چیئرمین کمیشن کی صدارت میں ہوئی اور فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے جبکہ اس عرصہ میں چیئرمین نے خود ہی منصب چھوڑ دیا اور ان کی جگہ ایک وکیل بیرسٹر گوہر جان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں،ان کے مطابق یہ عبوری انتظام ہے اور پالیسیاں چیئرمین ہی کی چلیں گی اور معاملات درست ہونے پر ہی قیادت سنبھالیں گے۔

اسلام آباد میں مقدمات کے علاوہ چیئرمین اور سینئر وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہو گئی یہ ہدایت اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے تھی اب12دسمبر کو ان کے خلاف فردِ جرم عائد کی جائیگی،سپیشل جج انوارالحسنات کے مطابق ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق یہ کیس ایک ماہ میں مکمل ہونا ہے۔دوسری طرف سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر لیا ہوا ہے اور اب جلد سماعت کے لئے بھی درخواست دی گئی ہے، سابق چیئرمین نے ایک بار پھر اپنی حکومت گرانے کا الزام جنرل(ر) باجوہ اور ڈونلڈ لو پر لگایا اور یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ سائفر کیس میں ہر دو کو شہادت کے لئے بُلائیں گے۔

٭٭٭

الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کے حوالے سے فوج کی مدد کیلئے درخواست کر دی،انتظامات جاری ہیں 

نگران وزیراعظم کا دورہ عرب امارات،جنرل عاصم کی معاونت سرمایہ کاری کی راہیں ہموار!

عمران خان نے پھر جنرل باجوہ اور ڈونلڈ ڈلو کے خلاف الزام دہرا دیئے

3

مزید :

ایڈیشن 1 -