سرمایہ کاری اور ملکی اکانومی بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے : ڈاکٹر غلام مرتضی

سرمایہ کاری اور ملکی اکانومی بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے : ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لندن (بیورورپورٹ) پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے اور پاکستان کی اکانومی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اوورسیز کمیونٹی کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب صدر یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے یوکے پی سی سی آئی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہو گی کہ میں تمام ساتھیوں ‘ ممبران ‘ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ ساتھ پوری کمیونٹی کے اہم اراکین کی رہنمائی اور مشارت سے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ایک انتہائی فعال ادارہ بناؤں ‘ انہوں نے کہا کہ آپ سب کی مشاورت اور معاونت سے ہم برطانیہ اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے ایک پل کا کردار ادا کریں گے ۔ نومنتخب صدر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ہم ماضی کی سستیوں اور کمزریوں کو بھولتے ہوئے اس بات پر توجہ دیں گے کہ ہمیں کس طرح اور کس طریقے سے متحد رہنا ہے اور کس طریقے سے ہم یکجا ہو کر نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ کی بھی خدمت کر سکیں ۔ سالانہ اجلاس میں سابق صدر یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالمجید شاہین نے اپنے دورِ صدارت میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ بھی پڑھ کر سنائی جس میں انہوں نے راولپنڈی چیمبر ‘ کراچی چیمبر کے ساتھ ہونے والے معاہدوں ‘ پاکستان میں کئے جانے والے آفیشل دوروں اور صدرِ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ خدمات کے حوالے سے ملنے والے ایوارڈ کا بھی ذکر کیا ۔  اس موقع پر نئے عہدیداران جن میں صدر یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کے ساتھ ساتھ نائب صدر اے حق ‘ جنرل سیکرٹری سہیل سراج ‘ جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر شہباز چیمہ ‘ فنانس سیکرٹری محمد صدیق جبکہ چےئرمین UKPCCI شاہد مرزا نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم سب مل کر چیمبر کو آگے بڑھائیں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ پاکستانی چھوٹے اور بڑے کاروباری حضرات کو برطانیہ میں مختلف نمائش کے ذریعے کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنے کے مواقع فراہم کریں گے ۔ نئے عہدیداران نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اس سال UKPCCI کی ممبر سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی دوسری جانب نئے منتخب ہونے والے پانچ ڈائریکٹر جن میں فیاض غفور ‘ محمد فاروق ‘ مسعود احمد ‘ محمد صدیق اور شاہد مرزا شامل ہیں نے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کیساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ ہماری کوششوں سے چیمبر زیادہ سے زیادہ ترقی کرے ۔

مزید :

کامرس -