مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ،منظور وٹو

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ،منظور وٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی،جنرل رپورٹر) پاکستانی قوم باعزت قوم ہونے کے ناطے کشمیر کے مطالبے سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ یہ بات میاں منظور وٹو صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب نے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے کہی جو کہ یوم کشمیر کے سلسلے میں پنجاب صوبائی اسمبلی کے سامنے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جسے بین الاقوامی برادری اور ہندوستان نے کشمیریوں کو اپنا سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کا برملا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے میں فخر محسوس کرتا ہے لیکن نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کے علاوہ انہیں انکے بنیادی حقوق دینے سے انکاری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق دینے کی بجائے ہندوستان نے وہاں پر تقریباً8 لاکھ فوجی بھیجے ہوئے ہیں جنہوں نے ظلم کی انتہاء کی ہوئی ہے اور وہ کشمیریوں کے قتل و غارت اور عزت و آبرو سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امنیسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور وہاں کی مقامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی رپورٹیں شائع کی ہیں لیکن ہندوستان کی تمام حکومتوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

مزید :

صفحہ آخر -