ملک بحرانوں کا شکار فوجی عدالتوں کا متنازعہ بنا یا جا رہا ہے ،طاہر القادری

ملک بحرانوں کا شکار فوجی عدالتوں کا متنازعہ بنا یا جا رہا ہے ،طاہر القادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 جدہ (محمد اکرم اسد سے) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو ایسے دوراہے پر کھڑا کردیا ہے جہاں سے کوئی معجزہ ہی نکال سکتا ہے۔ ہر طرف سے غاصبوں کا قبضہ ہے۔ پارلیمنٹ پر چندکے سوا ڈاکو قابض ہیں۔ عدلیہ کو افتخار چوہدری نے نواز عدلیہ بنادیا ہے۔ میڈیا بزنس ہاوسز بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ا س وقت کے چیف جسٹس نے یک جنبش 125ججوں کو گھر بھیج دئیے اور اپنے چہیتوں کو آگے لے آئے جبکہ ہر وقت کرپشن کا راج ہے، مال لوٹ لوٹ کر باہر منتقل کیاجارہا ہے۔ ملک بحرانوں کا شکارہے جس کی طرف کسی کی توجہ نہیں، عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں، اس کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں لیکن حکمران مزے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں بنا تو دی گئی ہیں لیکن ان کا ریموٹ کنٹرول حکمرانوں نے اپنے پاس رکھا ہے، جان بوجھ کر فوجی عدالتوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ آج جو وہ بیج بو رہے ہیں کل وہی انہیں کاٹنا پڑے گا۔ علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون ضائع نہیں جانے دیا جائے گا وہ رنگ لائے گا اگر آج ایف آئی آر میں نامزد افراد کو نہیں کٹہرے میں لایا جاتا تو حکمران یاد رکھیں ذوالفقار علی بھٹو کو بھی تو اقتدار جانے کے بعد ہی کٹہرے میں لایا گیا تھا اور پھر ان حکمرانوں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں، ان کو جیلوں میں بند رکھا گیا، ایک ایک خاندان نے 50 سے 75 افراد کو جیل میں ڈالا گیا۔ علامہ طاہرالقادری نے اسی تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ دھرنے کو حکمرانوں سے مذاکرات کے بعد ختم کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی صحت کی بحالی کے بعد وطن پہنچ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو فوراً موثر بنایا جائے، ابھی تک فوجی عدالتوں میں کوئی کہیں نہیں بھیجا گیا چاہئے تو یہ تھا کہ سانحہ پشاور اور شکار پور کے کی کیسوں کی فوری سماعت شروع ہوجاتی لیکن حکمران تو وقت ضائع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے اسلام کے پرار کے لئے ایک اہم کردار ادا کررہی ہے جبکہ موجودہ حکمران اس ادارے پر بندش لگا رہے ہیں لیکن یہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ منہاج القرآن ادارے کا کام سب پر عیاں ہے جو پوری دنیا میں ہورہا ہے، ہم حکمرانوں کے ظلم کے ضابطوں کو نہیں مانیں گے، انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی مکمل صحتیابی کے لئے دعا کریں تاکہ وہ وطن واپس آکر ملک غاصبوں سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک میں کرپشن سے پاک ایسا نظام ہو جہاں عوام کو انصاف کے حصول کے لئے دربدر نہ پھرنا پڑے اور کوئی کسی کا استعمال نہ کرسکے۔ طاہرالقادری

مزید :

صفحہ آخر -