قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،جاوید ہاشمی

قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،جاوید ہاشمی

  



جہانیاں(آن لائن) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزاد ہوگا لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،پاکستانی قوم کسی بھی مرحلے میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،ملک میں سیاسی ومعاشی خلفشار پر مسئلہ کشمیر الجھ جائے گا،پاکستان جتنا مضبوط ہو گا کشمیر اتنا جلد آزاد ہوگا،کشمیر کا مقدمہ مضبوط جبکہ بدقسمتی سے وکیل کمزور ہے ،کشمیریوں نے اپنا خون دے کر اور پاکستانی پرچم سربلند کرکے دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،کرتار پور بارڈ کھولنا احسن اقدام لیکن راہداری کھولنے کے فیصلے میں حکومت کی مشاورت شامل نہیں تھی،ہندوؤں کے طرز عمل سے کروڑوں سکھوں میں مایوسی کے سائے گہرے ہو چکے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمد عارف سعید اور چوہدری خلیل احمد گھمن بھی موجود تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو شہہ رگ قرار دیا تھا اور کشمیر کا آج بنیادی مسئلہ حق خود ارادیت ہے جو کہ جواہر لعل نہرو نے خود تسلیم کیا تھا اور وہ ہی یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کرگئے تھے ،کشمیر کا مقدمہ بہت مضبوط ہے جبکہ اس کی وکالت کی ذمہ داری ہمارے کاندھوں پر ہے ،مقدمہ کشمیر مضبوط جبکہ بدقسمتی سے وکیل کمزور ہے،جب تک ہم اپنے ملک میں جمہوریت کا پرچم سربلند نہیں کرتے کشمیر کے بارے میں ہمارے رائے کو دنیا اہمیت دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر سمیت پورے کشمیر کی شاہراہوں پر خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں ،اذیت ناک ٹارچر سیلوں میں کشمیری نوجوانوں کی زندگیاں عذاب بنا دی گئی ہیں ،9لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کی سوچ کو گولیوں کے ذریعے تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ،وہاں کے مسلمانوں کی آبادی کو گھٹا کر ہندو قوم پرستوں کو کشمیر میں آباد کرنے کی کوشش جاری ہے لیکن وہ اس میں بری طرح ناکام ہے۔

جاوید ہاشمی

مزید : پشاورصفحہ آخر