پاکستانی عوام کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے، علی امین گنڈا پور

پاکستانی عوام کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے، علی امین گنڈا پور

  



اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کی تقاریب میں عوام کی بھرپور شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور وہ تمام تر حالات میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے وہ اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈی چوک پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی کثیر تعداد نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بنائی گئی ہاتھوں کی زنجیر میں شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی جائز تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے جانوں کے نظرانے پیش کر رہے ہیں وہ مثالی ہے اور پوری پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت اسرائیل کی طرز پر مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی سازشیں کررہا ہے جس کا عالمی برادری کو فور ی نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی افسوس ناک ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آفس آف ہیومن رائٹس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے متعلق رپورٹ سے عالمی دنیا کی آنکھیں کھل جانی چائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آفس آف ہیومن رائٹس کی رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں انکوائری کمیشن بھجا جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق بھارت کے بدنما چہرے کودنیا کے سامنے مزید بے نقاب کیا جاسکے۔

علی امین گنڈا پور

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...