ٹیلنٹ سکالر شپ کیلئے درخواستیں طلب، حکومت یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کرے گی

ٹیلنٹ سکالر شپ کیلئے درخواستیں طلب، حکومت یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان بیت المال اور پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے اپنے اپنے اقدامات تیز کردیئے ہیں۔پاکستان بیت المال نے یتیم اور غریب بچوں کی کفالت کیلئے اور پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے صنعتی کارکنان کے بچوں کے لئے ٹیلنٹ سکالر شپ2018-19 کے اجراء کے لئے درخواستیں طلب کر لیں۔ بیت المال کے چیئرمین عون عباس کے مطابق حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں انتہائی سنجیدہ ہے ہم نے بچوں کے بالغ ہونے تک تمامِ مستحق یتیم بچوں کی کفالت حکومتی سطح پر برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حولے سے ایک درخواست فارم بھی جاری کیا گیا ہے جس کے ذریعے مستحق یتیم بچوں کی حکومتی سطح پر کفالت لئے درخواست دی جا سکتی ہے۔یہ درخواست فارم ملک بھر میں موجود پاکستان بیت المال کے دفاتر میں جمع کروائے جا سکتے ہیں۔اس وقت پاکستان بیت المال کے زیر انتظام ملک بھر میں چلنے والے سویٹ ہومز میں چار ہزار کے قریب بچے زیر کفالت ہیں ۔ملک کے مختلف شہروں میں مزید 26نئے سویٹ ہومز بنائے جا رہے ہیں۔ انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ مجریہ 2012 کے مطابق صنعتی کارکن کی تعریف پر پورا اترنے والے ای او بی آئی یا سوشل سیکورٹی سے تحفظ شدہ اور 3سالہ کم از کم مجموعی مدت ملازمت کے حامل صنعتی کارکنان /کانکنان جن کے بچوں کا تعلیمی سال رواں برس شروع ہوا ہے ،سکالر شپ کے لئے درخواست دینے کے اہل ہیں ۔

جبکہ ایسے طلباء جنہوں نے گذشتہ برس وظیفہ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں وہ صرف گذشتہ ،سابقہ تعلیمی سمسٹر کا پاس شدہ سرٹیفکیٹ اور تعلیمی اخراجات کی تفصیل متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر مائنز لیبر آفس میں جمع کروائیں ۔پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈکے مطابق صنعتی کارکنوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لیے اہل طلباء کی 04درجہ بندیاں کی گئی ہیں ۔پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈکے ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ایسے صنعتی کارکنان جو ای او بی آئی یا سوشل سیکورٹی سے تحفظ یافتہ نہ ہوں انہیں نوٹری پبلک اور بااختیارمتعلقہ افسر کا تصدیق شدہ بیا ن حلفی جمع کروانا ہو گا۔ ان شرائط پر پورا اترنے والے صنعتی کارکنان /کانکنان کے بچوں کو داخلہ فیس ،ٹیوشن فیس ،رجسٹریشن فیس ،امتحانی فیس ،لائبریری فیس اور لیب فیس )بشمول ٹرانسپورٹ چارجز ہوسٹل و میس چارجزکے علاوہ درجہ بندی کی مناسبت سے ماہانہ وظیفہ بھی دیاجائے گا ۔پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈکے مطابق اہلیت کے حامل صنعتی کارکنان و کانکنا ن کے زیر تعلیم بچوں کے ٹیلنٹ سکالر شپ کے حصول کے لیے متعلقہ ضلعی دفتر یا اسسٹنٹ مائنز لیبر ویلفیئر کمشنر کے دفتر سے درخواست فارم حاصل کر کے 15اپریل تک مکمل شدہ فارم جمع کروا سکتے ہیں ۔