یوتھ فورم فارکشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبہ کے ساتھ منا یا گیا

یوتھ فورم فارکشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبہ کے ساتھ منا یا ...

  



لاہور(نمائندہ خصوصی )یوتھ فورم فارکشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پورے ملک میں قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منا یا گیا ۔اس موقعہ پر پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت طارق احسان غوری چیف آرگنائزر ( YFK )نے کی ۔ریلی میں سیاسی ، سماجی ، دینی ، تاجر تنظیموں اور نوجوان طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں قابل ذکرتحریک انصاف کے شیراز چیمہ، مسلم لیگ ن کے ساجد چوہان،پیپلز پارٹی کے شیخ عرفان احمد،جماعت اسلامی کے عابد میر،مسلم لیگ ق کے سہیل چیمہ علماء مشائخ ونگ کے مخدوم ضرار صدیقی اوراقلیتی رہنماء سردار بشن سنگھ ،پاسٹر الیاس نذیرہیں۔

پنجاب اسمبلی کے سامنے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بد ترین مظالم اور اقوام متحدہ کے بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوی ر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے افسوس کہ 71سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرکو حل کرنے میں ناکام ہوا اور اپنی ہی منظور کردہ حق خود ارادیت قرار دادوں پر عمل دارآمد نہیں کرا سکا ۔ کشمیر میں ہنستے کشمیر یوں کا قتل عام خصوصاََ خواتین اور بچوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک مہذب و دنیا کے لئے ایک چیلنج ہے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کے لئے منظور کردہ حق خود ارادیت کی قرار دادوں پر فوری طور پر عملدرآمد کرائے اور اپنی نگرانی میں رائے شما ری کرا کے کشمیریوں کو بھارتی غلامی سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ چیف آرگنائر طارق غوری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک جدو جہد آزادی کشمیر کودبانے کے لئے کشمیر میں موجود 8لاکھ بھارتی مسلح افواج گذشتہ ایک سال سے کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کر رہی ہیں وادی کشمیر شہیدوں کے مقدس لہو سے رنگین ہو چکی ہے برہان الدین وانی شہید اور ہزاروں کشمیری نو جوانوں نے اپنے مقدس لہو سے آزادی کی تحریک میں ایک نیا جوش ولولہ اور رنگ بھر دیا ہے ۔اور اب شہیدوں کے لہو سے روشن چراغو ں کو کوئی بجھا سکے گا ۔طارق غوری نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے اقوام متحدہ اور تمام عالمی برادری کو بیدار کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1