نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال افسوسناک ہے،راغب نعیمی

نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال افسوسناک ہے،راغب نعیمی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کردارادا کرے۔نہتے کشمیریوں پرپیلٹ گن کے استعمال نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کر دیاہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے جزبہ حریت پسندی کے ساتھ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی قوتوں کو ثالثی کا کردار ادا کرناہوگا۔کشمیر جلد آزاد ہوگا لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میںیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے کشمیر ی رہنما علامہ عقیل مصطفی،مرکزی صدر نعیمین ایسوسی ایشن پروفیسر ظفراقبال نعیمی دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں مولانا محبوب احمدچشتی، مولانا غلام مرتضی نقشبندی،مفتی محمدہاشم رضوی،مولاناکلیم فاروقی،مولانا مسعود احمد سیالوی ،مولانا ذوالفقار احمدنعیمی سمیت دیگر جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ ،طلبہ سمیت عامۃ الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

علامہ راغب نعیمی نے مزید کہاکہ پاکستانی قوم کسی بھی مرحلے میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔بھارتی غاصبیت سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کچلا نہیں جاسکتا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ممکن ہے، حریت پسند کشمیریوں کی نہ رکنے والی جدوجہد تیسری نسل تک آن پہنچی ہے،کشمیری بھائیوں کوغیرمتزلزل حمایت کا یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں۔بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت پرٹال مٹول سے کام لے رہا ہے، کشمیری حق خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں،بھار ت کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو طاقت سے نہیں دبا سکتا بلکہ بھارت کو ہرصورت کشمیریوں کو آزادی دینا ہوگی،مقبوضہ وادی کی آزادی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے،بھارت نہتے کشمیریوں پر آتشیں اسلحے اور پیلٹ گن کا استعمال فوری بند اور جارحانہ کالے قوانین واپس لے،مسئلہ کشمیرکا حل نہ ہونا خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...