محکمہ زراعت پنجاب نے یورپی طرز پر فصلوں کی بیمہ سکیم شروع کر دی

محکمہ زراعت پنجاب نے یورپی طرز پر فصلوں کی بیمہ سکیم شروع کر دی

  



لاہور(اے پی پی) پنجاب حکومت نے یورپی طرز پر کسانوں کی فصلوں کی بیمہ سکیم شروع کر دی۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ ناگہانی وجوہات کی وجہ سے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور اس کی محنت برباد ہوکر وہ جاتی ہے۔زرعی ترجمان نے بتایاکہ معاشی طور پر کاشتکاروں کو استحکام دینے کیلئے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی خاطر حکومت پنجاب کسانوں کیلئے فصل بیمہ (تکافل) سکیم کا آغاز کیا ہے۔ اس سکیم کیپہلے مرحلے میں خریف2018 سے شیخوپورہ،ساہیوال،لودھراں اوررحیم یار خان میں فصلوں کا بیمہ کیا جائے گا۔پہلے مرحلہ میں بیمہ(تکافل) کا اطلاق کپاس اور دھان کی فصلوں پر ہو گا۔ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس سکیم کے تحت 5 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے بیمہ کے پریمیم پر100 فیصد سبسڈی جبکہ 5 سے25 ایکڑتک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے50 فیصدسبسڈی دی جائے گی۔اگلے مرحلہ پربیمہ کا اطلاق مزید فصلوں بشمول گنا،مکئی،گندم،باغات اور سبزیوں پر ہوگا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ربیع2018 سے باقی تمام اضلاع میں بھی مرحلہ واربیمہ(تکافل)سکیم کا آغاز کردیا جائے گا۔اس سے قبل یورپی ممالک میں یہ سکیم کامیابی سے جاری ہے اور اس سے کاشتکاروں کو نہ صرف مالی تحفظ ملتا ہے بلکہ اس کو ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے کہ اب حالات جیسے بھی ہوں اسے اپنی محنت کا بھرپور صلہ ملے گا۔اس سکیم کے نتیجے میں کسان خوشحال ہو گا۔اس ضمن میں شفافیت کویقینی بنانے کیلئے آن لائن سسٹم بھی متعارف کروایاجائے گا۔

اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے کاشتکار ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 اور0800-29000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید : کامرس