عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کردار ادا کرے‘ پیاف

عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کردار ادا کرے‘ پیاف

  



لاہور(نیوزرپورٹر )پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ سمیت تمام بزنس کمیونٹی کشمیر کاز کو بھرپور سپورٹ کرتی ہے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اسکا منصفانہ حل چاہتی ہے۔بھارت ریاستی جبر و تشدد کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ پاکستان کی قومی پالیسی میں کشمیر اول ترجیح ہے ،خطے میں دیر پا امن کیلئے بھارت پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری چاہتا ہے تو اس کیلئے کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر، سیئنر وائس چیئرمین پیاف ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ تمام بزنس کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ناجائز تسلط کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔کشمیر میں بھارتی مظالم، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جارحانہ کاروائیوں میں اضافے اور حالیہ دنوں میں وسیع پیمانے پر کشمیری حریت راہنماؤں کی گرفتاری و نظر بندی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر پر مظالم کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں مگراقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔امریکہ اگر واقعی جمہوریت اور امن پسند ہے تو بھارت کو کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنے پر مجبور کرے۔

اور مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوائے۔ ملک کی سلامتی اور بقاء کشمیر کی آزادی کے ساتھ وابستہ ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام بشمول کاروباری طبقہ اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گا اور کشمیر کی آزادی کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔ ہم پٹرول کی قیمتوں میں زیادتی ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ برداشت کر سکتے ہیں مگر کشمیر کاز کے ساتھ بے وفائی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔کشمیر واحد ایشو ہے جس پر پوری قوم متحد ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کہ وہ خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچانے کیلئے بھارت پر سفارتی اور اقتصادی دباؤ بڑھاتے ہوئے اسے مجبور کریں کہ وہ فوجی انخلا کرتے ہوئے کشمیر یوں کو حق خودورایت دینے کا وعدہ پوراکرے۔ میاں نعمان کبیر نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کشمیریوں کے حق خودارایت کیلئے بھرپور سفارتی مہم کا اہتمام کرے۔یوم یکجہتی کشمیر کو بھر پور قومی پذیرائی حاصل ہے پاکستان کی تمام جماعتوں بشمول کاروباری برادری نے کشمیر کی آزادی کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔

مزید : کامرس


loading...