محکمہ جنگلات پنجاب مفت پودوں کی تقسیم آج سے شروع کرے گا

محکمہ جنگلات پنجاب مفت پودوں کی تقسیم آج سے شروع کرے گا

  



راولپنڈی(اے پی پی) محکمہ جنگلات پنجاب کے زیر اہتمام شہریوں میں مفت پودوں کی تقسیم (آج ) بدھ سے شروع ہو گی، ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے ‘‘ پروگرام کے سلسلہ میں مجموعی طور پر 292,400 پودے مفت تقسیم کیے جائیں گے ۔پنجاب فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ملک سلیم نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ جنگلات پنجاب نے وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین ا سلم کی خصوصی ہدایات پر بہاریہ شجر کاری مہم کے لیے 600,000 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔اس ضمن میں راولپنڈی ، لاہور،گوجرانوالہ ، فیصل آباد ،سرگودھا ،ساہیوال ،ملتان ،ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرزاور پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر شجر کاری تقریبات منعقد ہوں گی ۔محکمہ جنگلات کے ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ہر سائٹ پر 2000پودوں کے ہدف کے ساتھ مجموعی طور پر 72000پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ محکمہ جنگلات پنجاب کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں قائم 244ڈسٹری بیوشن پوائنٹس سے 06سے 08فروری کے دوران شہریوں کو 292,400 پودوں کی مفت فراہمی بھی کی جائے گی ۔ترجمان نے بتایاکہ تمام ڈویژنل فارسٹ دفاتر میں قائم کیے گئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس سے فی دفتر 4800 پودوں کے حساب سے مجموعی طور پر 129,600 پودے تقسیم کیے جائیں گے جبکہ 40,000پودے سرکاری جنگلات میں لگائے جائیں گے ۔اسی طرح بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران تعلیمی اداروں ،محکمہ صحت اور دیگر سرکاری کو 48,000 پودے فراہم کیے جائیں گے ۔محکمہ جنگلات پنجاب کے ترجمان کے مطابق بہاری شجر کاری مہم کے سلسلہ میں 08فروری 2019تک 600,000 پودے لگانے اور شہریوں میں مفت تقسیم کرنے کا کاکام مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے ‘‘ پروگرام کا دوسرا مرحلہ 15فروری سے شروع ہو گا جس کے دوران مزید ہزاروں پودے لگائے جائیں گے ۔

مزید : کامرس


loading...