مسئلہ کشمیر عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ، گولیوں سے کشمیر یوں کا جذبہ حریت کچلا نہیں جاسکتا ، حق خود ارادیت دیا جائے ، سیاسی عسکری قیادت
اسلام آبا د ،راولپنڈی ،لاہور،کراچی ،دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)سیاسی وعسکری قیادت نے یوم کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی برادری کے منہ پر ایک زوردارطمانچہ ہے ،بھارت گولیوں سے کشمیر ی عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتا ،آج نہیں کل بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینا ہی ہوگا،تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کشمیر 1948ء سے اقوام متحدہ کا حل طلب مسئلہ ہے، قابض بھارتی فوج کا دہائیوں پر مشتمل ظلم و ستم کشمیریوں کو نہیں دبا سکا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ظلم و ستم سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی مزید مضبوط ہو رہی ہے، ہم پر عزم ہیں کشمیری عوام انشا ء اللہ کامیاب ہوگی۔ چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی عوام،حکومت اورسیاسی قیادت یک زبان ہے،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی اْمنگوں کے مطابق حل کیاجائے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور مہذب دنیا کیلئے کھلا چیلنج ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کمیشن تشکیل دیا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے اپنے لہو سے آزادی کی تحریک کو نئی جلا بخشی ہے، یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ بھارت بندوق کے زور اپنا تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا، بھارت کا مقدر شکست ہے،مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے ۔پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ممکن ہے،بھارت کے اندر سے بھی کشمیریوں کے حق میں آوازیں اٹھنے لگی ہیں ۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرنے کہاہے کہ نڈرکشمیری غیر انسانی ظلم کا سامنا کرنے کے باوجود ہارے نہیں، پاکستان کشمیریوں کی جد وجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے،پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہاہے کہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے اورنہ ہی اس مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے افتخار درانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی جبرومظالم عالمی ضمیر کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔ وفاقی وزیر آ بی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کے استعمال نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، کشمیریوں سے پاکستانیوں کا خون کا رشتہ ہے،بے گناہ کشمیری نوجوانوں، بھائیوں اور بہنوں کا لہو رایگاں نہیں جائے گا۔سابق صدر پرویزمشرف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد ضائع نہیں ہوگی ، وہ دن دور نہیں جب شہیدوں کا لہو رنگ لائیگا،بھارت کشمیریوں کے جذبے کے آگے گھٹنے ٹیک دے گا،پاکستانی قوم خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کیساتھ ہے۔
سیاسی قیادت