کشمیر کی آزادی یقینی بنانے کیلئے قومی اور ریاستی پالیسی مرتب کی جائے ،سراج الحق
کراچی (این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے حکومت اور مقتدر حلقوں پر زور دیا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ایک قومی اور ریاستی پالیسی مرتب کی جائے جس میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے شکنجے سے نکالنے کے لیے ٹھوس و عملی اقدامات اور روڈ میپ طے کیا جائے ، یہ ریاستی پالیسی تبدیل نہ کی جائے اور اسی کے مطابق ایکشن لیا جائے ، حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال اور متحرک بنائے ، صرف مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک نائب و زیر خارجہ مقرر کیا جائے اوردنیا بھر میں پاکستان کے سفارتخانوں میں علیحدہ سے کشمیر ڈیسک قائم کی جائیں ان کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی غاصب افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نمایاں کیا جائے اور بھارت کامکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔2019کو مسئلہ کشمیر کے حل اور آزادی کشمیر کا سال بنایا جائے ، مظفر آباد میں اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے جس میں کشمیر کی آزادی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر سب کو متحد کیا جائے ، دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کر کے مشترکہ پالیسی بنائی جائے ، حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک قدم آگے بڑھائے گی تو ملک کی تمام جماعتیں حکومت کے قدم بقدم ہوں گی،اگر حکومت نے مظفر آباد میں او آئی سی کا اجلاس نہیں منعقد کیا تو جماعت اسلامی خود بین الاقوامی کانفرنس بلائے گی یہ فرض ہم ادا کریں گے کیونکہ کشمیر ہمارا ہے اور ہم کشمیر کے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت حسن اسکوائر پر ایک عظیم الشان ’’یکجہتی کشمیر کانفرنس ‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس میں مرد و خواتین ، بچوں ، برزگوں ، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید غم و غصے اور مظلوم و نہتے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور قومی وحدت کا اظہار کیا گیا ۔شرکاء میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور ماحول کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی ، جنگ رہے گی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا ۔یکجہتی کشمیر کانفرنس سے تحریک آزادی کشمیر کے قائد اور سرپرست سید علی گیلانی نے بھی آڈیو خطاب کیا جبکہ امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، جماعت اسلامی جموں کشمیر سندھ کے امیر عبد الحمید خان ،امراء اضلاع محمد اسحاق خان ، یونس بارائی ، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ اور دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے پُرجوش نعروں کی گونج میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم کشمیریوں کو یقین دلاتی ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں ، پاکستان کے عوام اور بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے جس طرح افغانستان میں روس ، امریکہ اور ناٹو افواج ذلیل و رسوا ہوئی ہیں اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت بھی رسوا ہو کر نکلے گا اور کشمیر ایک روز ضروربھارت کی غلامی اور غاصبانہ قبضے سے نجات حاصل کرے گا ۔
سراج الحق