کشمیر یوں کی آواز کو جبر و تشدد کے ساتھ دبایا جا رہا ہے، شاہ عبد الحق

کشمیر یوں کی آواز کو جبر و تشدد کے ساتھ دبایا جا رہا ہے، شاہ عبد الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کرا چی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادر ی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ د ے رہے ہیں ۔ جمہوریت کا دعویدار بھارت طاقت کے زور پر کشمیر پر قابض ہے ۔کشمیر ی مسلمانوں کی آواز کو جبر و تشدد کے ساتھ دبایا جا رہا ہے ۔کشمیر کی تحریک آزادی دنیا کی طویل ترین آزادی کی جدو جہد بن گئی ہے ۔پوری پاکستانی قوم کشمیر ی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے ، انہوں نے جما عت اہلسنّت کے تحت دارالعلوم مصلح الدین میں’’ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے عنوان پر سمینارمیں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کہا آج بھارت نے ہما را پانی روک کر پاکستان کی شہہ رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے کوئی غیرت مند قوم اپنی شہہ رگ دشمن کے قبضے میں ہر گز بر داشت نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی سال سے اپنے حق کیلئے جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں لاکھوں شہدا کی قبریں اس جدوجہد کی گواہ ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ بھارت کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق بے دردی سے پامال کر رہا ہے کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی چیمپیئن کیوں خاموش ہیں؟ ۔اقوام متحدہ میں منظور قرار دا دوں کے مطابق کشمیر یوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے ۔ حکومت پاکستان کو کشمیر ی عوام کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔