وزیراعظم عمران خان تحریک انصاف کے 2 سینیٹرز پر برہم ، حکم دیدیا
لاہور (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے بزنس کلاس میں برطانیہ کا ہوائی سفر کرنے پر تحریک انصاف کے دو سینیٹرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ سفر پر آنے والے اخراجات واپس کریں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق دونوں سینیٹرز خارجہ امور کمیٹی کے رکن ہیں اور ان 14 سینیٹرز میں شامل ہیں جو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانوی پارلیمان میں ہونے والی کشمیر کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ گئے ہیں۔ یہ سینیٹرز دیگر افراد کے ساتھ لندن میں ویسٹ منسٹر کے ہوٹل پارک پلازہ میں ٹھہرے۔ برطانیہ کے دورہ پر جانے والے وفد کا حصہ ان مشہور شخصیات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شیری رحمان، مشاہد حسین سید، ڈاکٹر آصف کرمانی، نزہت صادق وغیرہ شامل ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اطلاع کی تصدیق کی ہے۔