وزیر اعظم عمران خان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کو کھانا کھلائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 2018 میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے پاکستانیوں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔ ان لوگوں کو وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھانا کھلایا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی میزبانی میں ڈنر کے انتظامات کیلئے وزارت خزانہ کو سمری ارسال کردی گئی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے تیار کی گئی فہرست میں ان 50 کمپنیز اور افراد کے نام شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ برس سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا ۔ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی کمپنیز میں او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، پی ایس او شامل ہیں۔ حبیب بینک، ایم سی بی، یو بی ایل، نیشنل بینک، سلک بینک سمیت سیلولر فون بنانے والی کمپنیز اور ٹیلی کام کمپنیاں بھی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کے سربراہان، سی ای او یا دیگر نمائندگان وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے۔
سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے افراد میں سید شہزاد حسن شاہ، عارف حبیب، حسن منشا، محمد یاسین ملک، سید ارشاد احمد، وزیر علی پردھان، میاں عامر منشا، بابر علی، امتیاز حسین، ریحان حسین، عبدالغفار میمن، ملک شاہد سمیت دیگر لوگ شامل ہیں۔
ایکسپریس ٹربیون نے وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم کے عشائیے کا مقصد ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی اور ان سے محصولات کی وصولی کا نظام بہتر بنانے کیلئے تجاویز حاصل کرنا ہے۔
اس عشائیے میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد ، ایف بی آر چیئرمین ، انویسٹمنٹ بورڈ اور ایس ای سی پی کے سربراہان اور دیگر حکومتی عہدیداران بھی شرکت کریں گے۔