ایل ڈی اے سٹی کی فائلیں خریدنے والوں کوپلاٹ دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں:میاں محمود الرشید

ایل ڈی اے سٹی کی فائلیں خریدنے والوں کوپلاٹ دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے ...
ایل ڈی اے سٹی کی فائلیں خریدنے والوں کوپلاٹ دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں:میاں محمود الرشید

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے سٹی کے لئے حصول اراضی کا کام تیز کیا جائے اور اس مقصد کے لئے دو روز کے اندر موقع پر سکیم کا سائٹ آفس قائم کر کے ضروری عملہ تعینات کیا جائے، ڈویلپمنٹ پارٹرنز سپریم کورٹ کی مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر اندر اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر تمام وسا ئل بروئے کار لائیں،خواہشمند مقامی مالکان اراضی سکیم کے لئے اپنی زمین براہ راست بھی ایل ڈی اے کو پیش کرسکتے ہیں،سکیم میں فائلیں خریدنے والے 9 ہزار افراد کو پلاٹ دینے میں کسی قسم کی تاخیر مشکلات کا باعث بن سکتی ہے ۔

 ایل ڈی اے سٹی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشیدنے ہدایت کی کہ ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے وسیع رقبے پرمشتمل یکجا قطعہ اراضی مہیا کرنے کے لئے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کو فیز ون کا لے آؤٹ پلان بلا تاخیر فراہم کیا جائے ۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی مکمل کرنے کے لئے آٹھ ماہ کا وقت مقرر کیا ہے ،یہ مدت 21جنوری سے شروع ہو چکی ہے،سکیم مکمل کرنے کے لئے کی جانے وا لی پیش رفت کی رپورٹ ہر ماہ باقاعدگی سے سپریم میں جمع کروائی جائے گی ۔ ایل ڈی اے پر شہریو ں کے اعتماد اور اس کی ساکھ برقرار رکھنے کے لئے ہمیں کم سے کم وقت میں اس منصوبے کو مکمل کرنا ہو گا ۔ایل ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ روز ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی طرف سے 243کنال اراضی کا قبضہ ایل ڈی اے کے حوالے کیا گیا ہے ،اس کے علاوہ مزید 234کنال اراضی کی دستاویزات ایل ڈی اے کو پیش کر دی گئی ہیں۔انہو ں نے بتایا کہ سکیم کے لئے پیش کی جانے والی اراضی کی رجسٹریا ں او راس کا انتقال بلا تاخیر ایل ڈی اے کے حق میں کروانے کے لئے سب رجسٹرار نشتر ٹاؤن کے آفس میں فوکل پرسن تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور