نواز شریف نے پی آئی سی منتقل ہونے سے انکار کیوں کیا؟ حامد میر نے حیران کن وجہ بتادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے کہا ہے کہ نواز شریف پی آئی سی میں منتقل ہونے سے انکار کرکے ڈیل کے تاثر کی نفی کرنا چاہتے ہیں، اگر انہوں نے ڈیل کرنی ہوتی تو وہ برطانیہ سے ہی واپس نہ آتے۔ نواز شریف بار بار پی آئی سی جانے سے انکار کرکے مخالفین کی سیاسی صحت کو خراب کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ نواز شریف نے ڈیل کرنی ہوتی تو وہ برطانیہ سے پاکستان واپس ہی نہ آتے حالانکہ انہیں پیغام بھیجا گیا تھا کہ آپ پاکستان واپس نہ آئیں تو ہم آپ کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔جب بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تھا تو شہباز شریف نے کوشش کرکے پیرول پر رہائی دلائی تھی، اس دن بھی نواز شریف نے کہہ دیا تھا کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا ہے اس لیے وہ جیل سے رہائی نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے کہ حکومت کبھی نواز شریف کو ریلیز کرنا چاہتی ہے اور کبھی انہیں ہسپتال لے کر جاتی ہے۔ دوسری جانب نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ انہیں جیل واپس بھیجا جائے۔ نواز شریف جیل جانے کا اصرار کرکے ڈیل کے تاثر کی نفی کرنا چاہتے ہیں۔نواز شریف کے انکار کے بعد ڈیل کے تمام دعوے غلط ثابت ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے پی آئی سی میں شفٹ ہونے سے انکار کرکے شیخ رشید کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔
حامد میر نے کہا کہ نواز شریف بار بار جیل جانے سے انکار کرکے سیاسی مخالفین کی سیاسی صحت کو خراب کر رہے ہیں، ان کے اس رویے سے مخالفین سیاسی طور پر بیمار ہوگئے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ جیل کے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوشش کرے ۔