نوجوان کی موبائل فون پر بات کرتے ہوئے ہینڈ فری کی وجہ سے موت ہوگئی، ایسی خبر آگئی کہ آئندہ آپ بھی احتیاط کریں گے
بنکاک (ڈیلی پاکستان آن لائن) تھائی لینڈ میں چارجنگ پر لگے موبائل فون میں ہینڈ فری لگا کر بات کرنے والے نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ لوکل چارجر کی وجہ سے نوجوان کو ہینڈ فری کے ذریعے کرنٹ لگا جس کے باعث وہ اسی وقت دم توڑ گیا۔
نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ تھائی لینڈ کی چون بوری ریاست میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ نوجوان کرٹسڈا سوپول رات کو موبائل فون چارجنگ پر لگاکر کسی سے بات کررہا تھا۔ اس نے موبائل فون میں ہینڈ فری لگا کر رکھی تھی اور اس کا مائیک منہ میں دبا رکھا تھا، اسی دوران اس کو زور کا جھٹکا لگا اور اس کی موت ہوگئی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کرٹسڈا کی موت کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ جھٹکا اتنا زوردار تھا کہ نوجوان کے کان میں لگی ہینڈ فری سے اس کے کان کا کچھ حصہ بھی جل گیا۔ہلاک نوجوان موبائل کی چارجنگ کیلئے جو چارجر استعمال کررہا تھا وہ کمپنی کا نہیں تھا جس کے باعث اس میں شارٹ سرکٹ ہوا اور ہینڈ فری کے ذریعے نوجوان کی ایک ہی جھٹکے میں موت واقع ہوگئی۔