عالمی برادری کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے‘ پیاف
لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ سمیت تمام بزنس کمیونٹی کشمیر کاز کو بھرپور سپورٹ کرتی ہے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اس کا منصفانہ حل چاہتی ہے،صنعت و تجارت سے وابستہ عوام کشمیریوں کو نہ پہلے کبھی بھولے ہیں اور نہ آئندہ کبھی بھولیں گے،مودی کی فسطائی حکومت کے نو لاکھ فوجیوں نے کشمیر کو پچھلے کئی ماہ سے یر غمال بنا رکھا ہے جو قابل مذمت ہے مگربھارت ریاستی جبر و تشدد کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتا، پاکستان کی قومی پالیسی میں کشمیر اول ترجیح ہے،خطے میں دیر پا امن کے لئے بھارت پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری چاہتا ہے تو اس کے لئے کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے،وقت آگیا ہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کشمیر کے تصفیہ میں اپنامثبت کردار ادا کرے۔چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر،سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تمام بزنس کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ناجائز تسلط کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں مگراقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔