صنعتی ورکرز کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنانے کی مہم کا آغاز
کراچی(اکنامک رپورٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) نے صنعتی ایریا میں کام کرنے والے ورکرز کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی3 روزہ مہم کا آغاز کیا ہے جوجمعرات 6فروری سے 8 فروری 2020تک جاری رہے گی۔اعلامیے کے مطابق نکاٹی میں ڈرائیونگ لائسنس پولیس کے باہمی تعاون سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں قائم صنعتوں کے ورکرز کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے لرننگ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صنعتی ورکرز کو لرننگ لائسنس کے حصول میں تعاون کی فراہمی کے لیے چیف ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل فاروق کھاتورا کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔فاروق کھاتورا نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیکٹریوں کے ورکرز کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد پابند بنانے پر نکاٹی کا ساتھ دیں اور لرننگ لائسنس کے حصول کے لیے ورکرز کو اصل شناختی کارڈ کے ساتھ نکاٹی کے آفس بھیجیں جہاں مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد لرننگ لائسنس جاری کیا جائے گی۔