پرویز الٰہی عمران خان نہیں ہیں جو کسی سے رابطہ نہیں رکھتا،رانا ثنا اللہ

پرویز الٰہی عمران خان نہیں ہیں جو کسی سے رابطہ نہیں رکھتا،رانا ثنا اللہ

  

لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی عمران خان نہیں ہیں جو کسی سے رابطہ نہیں رکھتا، سیاستدانوں کے رابطے ہوتے ہیں،عمران خان انوکھے سیاستدان ہیں جو حزب اختلاف سے رابطے نہیں رکھتے،اس طرح سے پارلیمانی سیاست کسی ملک میں نہیں چلتی،سیاست ممکنات کا کھیل ہے،آگے چل کے پنجاب میں تبدیلی کے لئے کوئی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ہماری جماعت حالات کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گی۔ایک انٹر ویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہماری جماعت اور (ق) لیگ پی ٹی آئی کی طرح نہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ رابطے ہونے چاہئیں۔(ق) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلاف ہمارے رابطوں کی وجہ سے نہیں ہیں بلکہ حکومتی اتحادیوں کے درمیان فاصلوں کی وجہ پی ٹی آئی کا رویہ اور کارکردگی ہے۔اگر اپوزیشن پی ٹی آئی کی حکومت گرا دیتی تو موجودہ حکمراں جماعت کو یہ بہانہ مل جاتا کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا ورنہ مسائل حل ہو جاتے۔انہوں نے کہا حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے اس لیے پی ٹی آئی کو وقت دیا کہ اس کی نا اہلی کھل کرعوام کے سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف جلد پاکستان آئیں گے اور عوام ان کو سیاست میں دوبارہ متحرک دیکھیں گے۔ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،کارکنوں کے درمیان غصہ اور ناراضی چلتا رہتا ہے، بڑی پارٹیوں میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن اس کی طاقت قیادت کے ساتھ مخلص رہنے میں ہوتی ہے۔پارٹی کو نقصان اس وقت ہوتا ہے جب کارکن قیادت کے مخالف کھڑے ہوجائیں اور (ن) لیگ میں ایسی صورتحال بالکل نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ

مزید :

صفحہ آخر -