پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل، ظلم سہتے کشمیریوں کو سلام، مسلم لیگ ن،ق، پیپلز پارٹی

      پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل، ظلم سہتے کشمیریوں کو سلام، مسلم لیگ ن،ق، ...

  

لاہور/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ق) کی قیادت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، عوام ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان، کشمیر اور کشمیریوں کے بغیر نامکمل ہے، کشمیری پاکستانیوں سے بھی پہلے پاکستانی ہیں، ان کی جرات، بہادری اور قربانی تاریخ کا روشن باب ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے، حق خودارادیت کی خاطر بدترین جبر کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے بھارت طاقت کے بے رحمانہ استعمال سے مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی قائد عوام شہید نے کشمیر کی آزادی کو سیاسی جدوجہد کا حصہ بنایا تھا۔ سابق صدر نے کہا کہ کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے وہاں انسانی خوراک اور صحت کے مسائل در پیش ہیں،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیریوں کی رائے شماری ہے۔مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغامات میں کہا عالمی برادری کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے عالمی برادری سے کشمیریوں پر مظالم بند کرانے کی اپیل کی۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے لیکن عالمی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو عملی اقدامات لینے ہوں گے، موجودہ حکومت ایک تقریر کر کے سمجھتی ہے ان کی ذمہ داری پوری ہو گئی ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کے باوجود حکومت کشمیر کا مقدمہ لڑنے میں ناکام رہی ہے۔پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگ سات دہائیوں سے ظالمانہ بھارتی قبضے اور محاصرے میں رہ رہے ہیں،آزادی اور حقوق کے لئے تاریخی جدوجہد میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سلام ہے ان ماؤں، بہنوں بیٹیوں پر جو اپنے جوان آزادی کی راہ میں قربان کر رہی ہیں لہٰذامودی سن لے کشمیر کو جیل تو بنا سکتا ہے مگر جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ کشمیری اکیلے نہیں ہیں، پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کے تمام ادارے اور عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔

سیاسی جماعتیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ کیقائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پرحکومت اب اگر عالمی عدالت انصاف نہ گئی تو ہم پرائیویٹ پٹیشنز کے طور پر جائیں گے۔قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک کا کشمیری حریت رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیر میں لوگ 6 ماہ سے زیادہ کرفیو میں ہیں۔ پاکستان کو اب جارخانہ انداز اپنانا چاہیئے۔ ہماری مسلم امہ کب جاگے گی، یہ وہ وقت ہے جب کشمیریوں پر ظلم سب سے زیادہ ہو گیا ہے۔رحمان ملک اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان بھی مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے، دنیا کا غریب ملک گیمبیا تو آئی سی جے میں جا سکتا ہے مگر پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیلئے کیوں نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سفارتکاری میں کشمیر کے لئے اچھا رول پلے نہیں کر سکے۔

رحمن ملک/اعلان

مزید :

صفحہ اول -