کشمیریوں کیساتھ بھارتی استحصال کے خاتمے کا وقت آن پہنچا: فردوس عاشق

  کشمیریوں کیساتھ بھارتی استحصال کے خاتمے کا وقت آن پہنچا: فردوس عاشق

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی استحصال کے خاتمے کا دن آن پہنچا ہے، وزیراعظم نے کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ دنیا میں کشمیریوں کے سفیر بن کر آواز اٹھائیں گے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، مقبوضہ وادی کے بچے بھارتی ظلم کو برداشت کر رہے ہیں، کشمیر کی مائیں، بہنیں اور بچے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی دنیا کیلئے کیا پیغام ہے؟۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں کھیل کے میدانوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدل دیا گیا، کشمیری بچے آج بھوک سے تڑپ رہے ہیں، سکول اور ہسپتال نہیں جاسکتے، اقوام متحدہ سے دختران پاکستان اپیل کرتی ہیں فیصلوں پر عمل یقینی بنائیں، کشمیری بچوں سے آزادانہ سوچ کا حق چھین لیا گیا، پاکستان کشمیریوں کو اپنے وجود کاحصہ سمجھتا ہے، وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں مسئلہ کشمیر اجاگر کیا۔قبل ازیں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اقوام متحدہ مبصرین کو مسئلہ کشمیر سے متعلق یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر بھارت اپنی فوج کو کشمیر سے نکالے۔یادداشت میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے اور ہندوستان کے جو قدم قتل کی طرف بڑھ رہے ہیں انہیں روکا جائے۔یادداشت کے مطابق مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، اس کا پْرامن حل اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے اور یہ بھارتی مظالم اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔یادداشت میں اقوام متحدہ سے کہا گیا کہ وہ اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے کشمیر میں لاک ڈاؤن، مظالم کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔یادداشت میں مزید بتایا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو۔

فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -