بھارت جان لے! کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا: عثمان بزدار

      بھارت جان لے! کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت جان لے!کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا،قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا، ہم کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے لہٰذاپہلے بھی کشمیر یوں کے ساتھ کھڑے تھے،اب بھی ساتھ ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے،کشمیری بہت جلد اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔ان خیالات کا ااظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیصل چوک میں عوامی ا جتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء، ارکان صوبائی اسمبلی،تحریک انصاف کے رہنماؤں،کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا اور بھارتی بربریت اور مودی سرکار کے مظالم پر بھرپور احتجاج کیا گیا۔ہزاروں افراد نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا کر اجتماع میں شرکت کی۔فضا ”پاکستان زندہ باد“ اور ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے اوربعد ازاں سائرن بجا کرایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی کامیابی اور بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاکرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد ہندوستان کا اصل مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاناہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کو 6ماہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کرکے اپنا جمہوری اور سیکولر تشخص بری طرح مجروح کیاہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہادری،جرات اور دلیل کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے، پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔تقریب سے پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری،ظہیر عباس کھوکھراورممبر قانون سا ز اسمبلی آزادکشمیر غلام محی الدین دیوان نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں ایک اجلاس میں انسداد پولیوکیلئے اقدامات اور کرونا وائرس سے بچاؤکیلئے احتیاطی تدابیراور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کو پولیو فری بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے بعض شہروں میں پولیو کے کیسز سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے،صوبے کے داخلی راستوں پر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہائی رسک اضلاع پر خصوصی فوکس کیا جائے اورجہاں پر پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہاں پر غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ذمہ داری کی ادائیگی میں تساہل یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذاصوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاطی اقدام اٹھایا جائے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں مشتبہ مریضوں کے لئے آئیسولیشن وارڈ قائم کیاجائے۔اس موقع پرسیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر نے انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے ا قدامات اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -