مسئلہ کشمیر برصغیر کانامکمل ایجنڈا ہے،عظمیٰ بخاری

مسئلہ کشمیر برصغیر کانامکمل ایجنڈا ہے،عظمیٰ بخاری

  

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا جو حل طلب ہے۔کشمیریوں کو حق خودرادیت ملے بغیر پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔کشمیر کی آزادی ہی جنوبی ایشیاء میں امن کی ضمانت ہے۔ بھارتی اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ سیکولر بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہے اور پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے فوجی جارحیت کے ذریعے مقبوضہ و جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیاہوا ہے۔مودی سرکار نے گھناؤنے اقدامات کرکے جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے۔

اور بھارتی فوج نے کشمیری عوام کو آزادی کے اپنے پیدائشی حق سے باز رکھنے کیلئے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے ہیں۔عظمیٰ زاہد بخاری نے کشمیر ڈے پر اپنے ایک پیغام میں کہا بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے معصوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے لیکن بھارت کا ہر حربہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور مودی سرکار کا یہ فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔انہو ں نے کہا کہ مودی سرکار کا یہ متنازعہ اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے۔ مودی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔ عالمی برادری کو اب ہر صورت بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے متنازعہ اقدام کا نوٹس لینا ہوگا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -