یوم کشمیر پر بہار کالونی میں دعائیہ تقریب،مسیحی برادری کی بھرپور شرکت
لاہور(لیڈی رپورٹر)یوم کشمیر کے موقع پربہار کالونی،کوٹ لکھپت کے ایف جی اے گراؤنڈ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیراقلیتی امور و انسانی حقوق اعجازعالم آگسٹین، مشعال ملک(اہلیہ کشمیری رہنماء یٰسین ملک)،مختلف ممبران پنجاب اسمبلی،متعدد سیاسی و مذہبی رہنماء، سول سوسائٹی سے منسلک افراد اور مسیحی برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہاکہ تحریک انصاف کیلئے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ پاکستان بھر میں تمام مذہبی اقلیتوں کوہرطرح کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کیا جا رہا ہے،جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور بھارت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے سنگ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسیحی برادری اپنے آپ کو پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا سامنا کرنے کیلئے اپنی پاک فوج کے ہمراہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔مشعال ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان ہمارے پرکھوں نے اپنی جانوں کے نذرانوں سے بنایاہے اورہم سب پر فرض ہے کہ اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان تک نثار کر دیں۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور نام نہاد کرفیو کے نام پر معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے،ابتک ہزاروں خاندانوں کو اجاڑا جا چکا ہے جبکہ لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں کہ ایک دن کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں اور امید ہے کہ جسطرح عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی فورم پر اٹھایا ہے،جلد کشمیر کو بھی آزادی حاصل ہو سکے گی۔دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر میں جاری دہشتگردی کی شدید مذمت کی اور کشمیر کی آزادی کے سفر میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعائیہ تقریب کے انعقادپرمنتظمین کوخراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر سینئرپاسٹر انور فضل نے پاکستان اور دنیا بھر میں کہیں بھی دہشت گردی بالخصوص کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور ملکی سلامتی وترقی کیلئے تمام مسیحی برادری کے سنگ خصوصی دعاء کی۔