پشاور،ڈاکخانے قبل از وقت بند،عملہ غیر حاضر،عوام کو شدید مشکلات

    پشاور،ڈاکخانے قبل از وقت بند،عملہ غیر حاضر،عوام کو شدید مشکلات

  

پشاور(سٹی رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں عرصہ درازسے قائم ڈاکخانے اپنے مقررہ وقت سے پہلے بندہونے لگے جبکہ ڈاکخانوں کا سٹا ف وقت سے پہلے پوسٹ آفس بندکرکے چلے جاتے ہیں جسکی وجہ سے بلوں کی ادائیگی اوردیگرامورنمٹانے کیلئے آنے والے سائلین کوشدیددشواری کاسامناکرناپڑرہاہے۔بجلی وسوئی گیس کے بل مقررہ وقت پے جمع نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کوبھاری بھرکم جرمانا اداکرناپڑتاہے چنانچہ شہرکے بیشترعلاقوں میں پوسٹ آفس کی مقررہ وقت سے پہلے بندش کے باعث شہری رل گئے ہیں پشاور شہر میں عوام کی سہولت کیلئے قائم ڈاکخانوں کا سٹاف مقررہ اوقات سے قبل چھٹی کر کے غائب ہوجاتا ہے مذکورہ سٹاف مقررہ وقت سے دو اور تین گھنٹے پہلے چھٹی لیکر رفو چکر ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے مختلف ڈاکخانوں میں بلوں، اور دیگر کاموں کیلئے آنیوالے شہری مایوس ہوکر واپس چلے جاتے ہیں۔ بیرون گنج گیٹ پھندو اڈے سے متصل ڈاکخانے کام کے سلسلے میں آئے ہوئے ایک شہری کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی آتا ہے تو ڈاکخانے کو تالہ لگا ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسکا دن ضائع ہوجاتا ہے۔اسی طرح دیگر شہریوں نے بھی کہا کہ جب ڈاکخانہ کھلا ہوتا ہے تو سٹاف یوٹیلیٹی بلز جمع نہیں کرتے اور کہتے ہیں کہ سٹاف پورا نہیں ہے۔شہریوں نے صوبائی وزیراعلیٰ اوردیگرمتعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فی الفور ان ڈاکخانوں پر چیک ان بیلنس رکھے اور سٹاف کی کوتاہیوں اور غفلت کا نوٹس لے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -