بھارت کو کشمیریوں کی آزادی کے آگے اپنا سر جھکاناہوگا، سردار مسعود خان

  بھارت کو کشمیریوں کی آزادی کے آگے اپنا سر جھکاناہوگا، سردار مسعود خان

  

لندن (این این آئی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر اب ایک بین الاقوامی دن اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد بین الاقوامی تحریک کا روپ دھار چکی ہے، بھارت کے مکرو فریب اور ظلم کا ہر ہتھکنڈا اب ناکام ہو گا اور اسے کشمیریوں کی آزادی کے مطالبے کے آگے اپنا سر جھکانا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ خواتین اور نوجوانوں کی ایک کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کا اہتمام تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے کیا تھا۔تقریب سے برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام کی ڈپٹی سپیکر ڈیم روزی، رکن پارلیمنٹ اور برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی کشمیر پارلیمانی گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم، آل پارٹیز کشمیر پارلیمانی گروپ کے سیکرٹری لارڈ قربان حسین، شیڈو وزیر برائے جنوبی ایشیاء جیمز ڈیلی، شیڈو وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیاء، سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ناردرن آئرلینڈ ٹونی لائیڈ، شیڈو سیکرٹری آف سٹیٹ برائے میڈیا اینڈ کلچر، شیڈوزیر انصاف یاسمین قریشی، ممبر پارلیمنٹ للین گرین ووڈ، ممبر پارلیمنٹ محمد یاسین، ممبر پارلیمنٹ راچیل ہاپکن، ممبرپارلیمنٹ کلاڈیا ویب، ذیشان عارف، سمیرا فرخ، نوجوان رہنما عظمیٰ رسول کے علاوہ بڑی تعداد میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارت کو ایک غاصب ملک قرار دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آج کشمیر کے مقبوضہ حصے کے ہر کوچہ و بازار میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند ہور ہے ہیں جو کشمیریوں کی امنگوں اور ان کے عزم کو ظاہر کر رہے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں فاروق عبد اللہ اور محبونہ مفتی جیسے لوگوں کو گرفتار کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ وعدوں اور وفاداریوں کو اپنے مخصوص مفادات کی نظر سے دیکھتا ہے، برطانوی پارلیمنٹ سمیت دنیا کی اہم پارلیمانز، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا نے کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی اقدامات کے خلاف آواز بلند کی جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم آزادکشمیر میں اقوام متحدہ کے ایسے کسی نمائندہ خصوصی کو خوش آمدید کہیں گے کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔

سردار مسعود

مزید :

پشاورصفحہ آخر -