گجرات کے قصاب نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے: مراد علی شاہ

گجرات کے قصاب نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے: مراد علی شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا، اس موقع پر کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے کشمیرروڈ سے مزارقائد تک وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خصوصی شرکت کی جبکہ ریلی میں چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز شاہ، تمام صوبائی وزرا، صوبائی مشیران، معاونین خصوصی، صوبائی سیکریٹریز اور سینئر پولیس افسران،مختلف اسکولز کے طلباء،اساتذہ سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ریلی کے دوران کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نغمے گائے گئے۔ریلی میں موجود طلبہ اور اساتذہ نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گجرات کے قصاب نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے، لہذا ان کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرم کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ مودی نے ہندوستان کے مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی ایک لہر جاری رکھی ہے اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے داغدار ہیں اور ایک دن انہیں عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ایک تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ ایک انسان ہونے کے ناطے میں غلطیاں کرسکتا ہوں لیکن مسئلہ کشمیر مذاکرات کے معاملے میں کوئی غلطی نہیں کرسکتا۔ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ان کی جماعت اور قیادت کشمیر کے ساتھ پرعزم تھی، ہے اور رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ہر ایک نعرے بلند کر رہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان اورکشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس عزم اعادہ کیا کہ وہ ہندوستان کے چنگل سے کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی نیند میں بھی غلطی نہیں کر سکتے۔ مودی خلاف انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ دائر ہونا چاہیئے۔سید مراد علی شاہ نے بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور ہر ایک کو کشمیری عوام کے درد کو محسوس کرنے کی اپیل کی کہ وہ ان کیلئے آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو نیند سے جگائیں تاکہ وہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرائیں۔ وزیر اعلی نے کشمیر کے معاملے پر مسلم امہ سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل بھی کی۔ریلی سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے پوری دنیا میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا، متنازعہ شہریت بل سے بھارت مزید ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا، پاکستان دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ موثر اندازمیں اٹھا رہا ہے، بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان۔ریلی کے شرکا نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -