فلو ر ملیں سرکاری گندم کو ٹہ کے مطابق ہی چلائی جائیں: قلندر خان لودھی 

فلو ر ملیں سرکاری گندم کو ٹہ کے مطابق ہی چلائی جائیں: قلندر خان لودھی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک فلور ملز کو سبسیڈائزڈ گندم،عوام کو ریلیف دینے اور بروقت سرکاری نرخ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے دیتی ہے۔ فلور ملز ہر صورت میں حکومت کی طرف سے دی جانے والی رعایتی گندم کی پسائی یقینی بنائیں تاکہ صوبے میں قائم کئے گئے آٹا مراکز پر سستا آٹا عوام کو با آسانی میسر ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ڈویژن کے مختلف فلور ملز اور گوداموں کے اچانک دورے اور معائنے کے موقع پر کیا۔ معائنے کے موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے فلور ملز کوگندم کوٹہ کے مطابق انکے بجلی کے بلوں اور دیگر دستاویزات کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رعایتی گندم جس مقصد کے لئے دیتی ہے اس میں رتی برابر خرد برد اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جن فلور ملز کی گندم کوٹے اور بجلی کے بلوں میں مطابقت نہیں پائی گئی تو انکے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ اگر فلور ملز یومیہ کوٹہ سسٹم کے مطابق بجلی کے بل ثابت نہ کر سکیں تو انضباطی کاروائی کے طور پر ان سے گندم کی ریکوری، کوٹے کی بندش اور سخت جرمانے بھی عائد کئے جائینگے۔ پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کی گیارہ فلور ملوں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اگر سبسیڈائزڈ گندم کوٹہ کو قواعد و ضوابط کے مطابق استعمال میں نہ لایا گیا تو محکمہ خوراک ان فلور ملوں کو سبسیڈائزڈ گندم کی  فراہمی دو دن کے بعد بند کردیگا۔حاجی قلندر خان لودھی نے محکمہ خوراک کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اضلاع میں فلور ملز پر کھڑی نظر رکھیں۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ وہ بذات خود صوبے بھرکی فلور ملز کے اچانک اور ہنگامی دورے جاری رکھیں گے اور ایسی فلور ملز جن کو سرکاری کوٹہ سے گندم ملنے پر بھی چالو نہ پایا گیا تو ان فلور ملز کو گندم کی ریکوری، جرمانہ اور یومیہ گندم کے کوٹے کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید :

صفحہ اول -