ترک صدر پاکستان آکر یہ اہم کام کریں گے،حکومت نے اعلان کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا ہے کہ ترک صدر طیب ایردوان اپنے دورہ پاکستان کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔سپیکر اسدقیصر نے ہے کہ وہ اس ضمن میں تمام پارلیمانی رہنماوں سے رابطہ کریں گے اور اراکین اسمبلی کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسدقیصر نے مزید کہا کہ چودہ فروری کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔
روزنامہ نوائے وقت کے مطابق ترک صدرطیب اردوان13اور14فروری کوپاکستان کادورہ کریں گے، دورے میں ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ، جس کے مطابق ترک صدر کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے ، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آبادپہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔