ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف اس ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی،سندھ حکومت نے بڑا اعلان کر دیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنمااورصوبائی وزیربرائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس جمع نہ کروانے والوں کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کرے گا۔
صوبائی محکمہ ایکسائز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ٹیکس نادہندہ گان کی سہولت کے لئے جائیداد ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع بھی کی گئی تھی اور اب جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ31 جنوری گزر جانے کے بعد ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ کارروائی کے دوران ٹیکس نادہندہ گان کی دکانیں اور کاروباری یونٹس سربمہر کئے جاسکتے ہیں اور یہ کارروائی لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کی جائے گی۔ مکیش کمار چاؤلہ نے جائیداد ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس نادہندہ گان کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے فوری طور پر ٹیکسز جمع کروا کر قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کے متعلقہ افسران اور عملے کو بھی ہدایت دی کہ وہ ٹیکسز جمع کروانے والوں کے ساتھ مہذب رویہ اختیار کریں اور ٹیکسز جمع کروانے کے سلسلے میں ان کی بھرپور راہنمائی بھی کریں۔