سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے بھی ہٹانے کا فیصلہ، نیا کپتان کون ہو گا؟ نام سامنے آ گیا

سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے بھی ہٹانے کا فیصلہ، نیا کپتان کون ہو گا؟ ...
سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے بھی ہٹانے کا فیصلہ، نیا کپتان کون ہو گا؟ نام سامنے آ گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی کرکٹر سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد اب ون ڈے انٹرنیشنل کی قیادت سے بھی سبکدوش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے اور ان کیلئے قومی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق سرفراز احمد کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانا اس لئے حیران کن ہے کہ ان کی کپتانی میں پاکستان پچھلے 6 ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکا ہے، جن میں ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ، افغانستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے بعد ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کیخلاف دو میچز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے فارمیٹ کیلئے کپتانی کا تاج بھی بابراعظم کے سر پر سجانے کی تیاری ہورہی ہے جس کا اعلان آئندہ ماہ 3 اپریل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے بعد نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کیخلاف شیڈول واحد ون ڈے میچ سے پہلے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد نے 2017ءسے 2019ءتک پاکستان کیلئے 35 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کپتانی کی جس دوران قومی ٹیم نے 21 میچز جیتے جبکہ 13میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم 2017ءمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی جیت چکی ہے۔ 32 سالہ سرفراز احمد 116 ون ڈے انٹر نیشنل میچوں میں 33.85 کی اوسط سے مجموعی طور پر 2302 رنز بناچکے ہیں جن میں 2 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -