کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، بھارت کا غیر جمہوری چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا: سردار تنویر الیاس

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، بھارت کا غیر ...
کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، بھارت کا غیر جمہوری چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا: سردار تنویر الیاس

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما  اور سرمایہ کاری بورڈ پنجاب کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم، بے گناہ نوجوانوں کی شہادت اور کئی سالوں کے محاصرے کے باوجود کشمیری عوام میں آزادی کا جذبہ بڑھ رہا ہے جس پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حق خود ارادیت تک ان کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کشمیری عوام کو اب مزید ظلم و جبر سے اپنی قید میں نہیں رکھ سکتا، آزادی کشمیریوں کا بنیادی انسانی حق ہے جس کو دنیا کی کوئی طاقت بہادر اور نڈر کشمیریوں سے نہیں چھین سکتی۔

لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمعاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب  سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بندوق کی نوک پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانا ہندوتوا کی پالیسی پر عمل پیرا بھارتی حکمران کا محض ایک خواب ہی رہے گا،کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہاراور کشمیریوں کی آزادی تک ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کا عزم ہے، بھارتی ظلم وستم کی انتہا بھی کشمیریوں کی آزادی دبا نہیں سکتی۔

ان  کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا بھی بنیادی فرض ہے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں کو عملی جامہ پہنائے، بھارت میں بی جے پی کی حکومت کے کشمیریوں پر مظالم بالخصوص گزشتہ کئی سالوں سےلاک ڈاؤن  ظلم اور بربریت کشمیری عوام پر ڈھائے ہیں، اس کے بارے میں دنیا کو اس کا احساس دلانا ہمارا مقصد ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں  پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کےموقف کی نہ صرف حمایت کی بلکہ انکے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی کو عالمی سطح پر اجاگر بھی کر رہا ہے،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اس کا مکمل قبضہ اور بھارتی آئین کے ارٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی نہ صرف تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بھارت کا اپنا وحشی اور غیرجمہوری چہرہ بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -