مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی و عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے‘ یاسمین صفدر
پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختون خوا کی رہنماء اور سابقہ امیدوار این اے 35 یاسمین صفدر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریکِ آزادی کو نہیں دبایا جا سکتا ہے اورنا ہی اس مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔جنوبی ایشیاء اور مسئلہ کشمیر کے مستقبل کا حوالہ دیتے ہوئے یاسمین صفدر نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتاجب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال ا ور جبر و تشددکو بند نہیں کرتا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قرادادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنائے۔کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی کیلئے پاکستان کی حمایت اور اصولی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جد و جہد کی ہر فورم پر اخلاقی،سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ جدید معاشر ے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوصہ وادی میں کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کیلئے جاری جدو جہد کی ہر سطح پر اخلاقی،سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مظلوم کشمیری عوام کی آواز ہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں ان کے ساتھ رہے گا