منہاج یونیورسٹی میں بھارتی مظالم کے خلاف یکجہتی کشمیرسیمینار

  منہاج یونیورسٹی میں بھارتی مظالم کے خلاف یکجہتی کشمیرسیمینار

  

 لاہور (پ ر)وادی جنت نظیر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظلم و استبداد  کے خلاف اورمظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے گزشتہ روز ابن خلدون ہال منہاج یونیورسٹی لاہور میں " یکجہتی کشمیر" سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار منہاج یونیورسٹی لاہور کے سیکرز کلب، ڈیپارٹمنٹ آف انگلش اور ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔سیمینار میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، نامور کشمیری سیاستدان سردار عثمان احمد خان، راہنما  تحریک انصاف اعجاز چوہدری،معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان مسرت جمشید چیمہ نے خطاب کیا۔ تقریب میں طلبہ نے   کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے" کے موضوع پر  انگلش اور اردو زبانوں میں تقاریر کیں۔سیمینار میں ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے غاصبانہ قبضے، مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم اور وہاں کے موجودہ حالات پر دستاویزی فلم دکھائی گئی جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ بعد ازاں سیمینار میں شعبہ ماس کمیونیکیشن کے فیکلٹی ممبران شافعہ بھٹی،اور خورشید احمد کی ڈائریکشن میں سٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا جس میں ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اپنی جاندار اداکاری سے مظلوم کشمیریوں کے احساسات اور جذبات کی بہترین انداز میں ترجمانی کی۔

 یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان خان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ جس شوق اور محبت سے ہر فورم پر عملی طور پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔بھارتی  غاصب حکومت ہر سطح پر منفی ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے جس  کے لیے حکومت پاکستان،عوام اور سیاستدانوں کو باہمی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔راہنما تحریک انصاف اعجاز چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لیے ففتھ جنریشن وار کا سہارا لے رہا ہے اس حوالے سے ہماری نوجوان نسل کو جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس کا جواب دینا ہوگا۔ مسرت جمشید چیمہ نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت علاقے کی سپر پاور بننے کے خواب دیکھ رہا ہے مگر داخلی سطح پر بھارت میں اٹھنے والی ٓزادی کی تحریکوں سے بھارت اس وقت شدید دباؤ میں ہے۔ ان حالات کے پیش نظر ہمیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر ایک جامع حکمت عملی بنانا ہو گی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود  شہزاد نے  اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اپنی شہ رگ کی حفاظت کے لیے ہم ہر سطح پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔  وائس چانسلر نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے کشمیری حریت راہنماوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا فعال کردار ادا کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلرنے سیمینار میں تقاریر اور ڈرامہ میں حصہ لینے والے طلبہ اور منتظمین کو سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ سیمینار میں ڈین فیکلٹی آف کیمسٹری  منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر طالب حسین،ڈائریکٹر مارکیٹنگ رابعہ ایم علی،ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن روبینہ سعید،سربراہ  شعبہ انگلش ڈاکٹر شفاعت، پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ منہاج القرآن سے شہزاد رسول اورحفیظ چوہدری سمیت  مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیمینار کے بعد وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزادکی قیادت میں مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے حصہ لیااور جدوجہد آزادی کشمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا کوخراج تحسین پیش کیا۔   

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -