کل مسالک علماء بورڈ کی اپیل پر یوم سیدنا صدیق اکبرؓ منایا گیا
لاہور(جنرل رپورٹر)کل مسالک علماء بورڈ کی اپیل یوم سیدنا صدیق اکبر منایا گیا۔خطاب جمعہ میں خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ کی شان و فضیلت بیان کی گئی۔جامع مسجد کبری نیوسمن آباد لاہور میں خلیفہ اول حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے کل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا محمد عاصم مخدوم اور تحریک اصلاح معاشرہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد صدیق اعوان نے خطاب کیا۔مولانا محمد عاصم مخدوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیّدنا صدیق اکبر کی محبت و عقیدت ہمارے عقیدہ و ایمان میں شامل ہے۔مسلم حکمران سیّدنا صدیق اکبر کے طرز حکمرانی سے راہنمائی حاصل کریں۔
خلیفہ اول کے دور خلافت میں۔ِخلیفہ وقت۔گورنرز اور مزدور کی تنخواہ برابر ہوتی تھی۔حضرت ابوبکر صدیق کی خدمات تاریخ اسلامی کا روشن باب ہیں۔تقریب سے تحریک اصلاح معاشرہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد صدیق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔ دورِ سیدنا صدیق اکبررہتی دنیا تک کیلئے مشعل راہ ہے۔صحابہ کرام کے نقش قدم پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم ترقی کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔