بیس فیصد شائقین کو کرکٹ میچ دیکھنے کی اجازت

بیس فیصد شائقین کو کرکٹ میچ دیکھنے کی اجازت

  

پاکستان کرکٹ بورڈ نے این سی او سی کی طرف سے کلیئرنس کے بعد22 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے ایڈیشن کے لئے تماشائیوں کی اجازت دے دی۔ این سی او سی نے کراچی اور لاہور سٹیڈیم کے حجم کے مطابق20فیصد تماشائیوں کے لئے اجازت دی،اس کے مطابق کراچی میں 7500 اور لاہور میں 5500 شائقین میچ دیکھ اور لطف اندوز ہو سکیں گے۔ نیوزی لینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہو گا، جس نے یہ اجازت دی، اِس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں کورونا کی صورتِ حال روز بروز بہتر ہو  رہی ہے۔ دریں اثناء ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہو گیا، 22 فروری تک یہ سلسلہ مزید بہتر ہو گا۔پی ایس ایل کے میچ دیکھنے کے لئے یہ ہدایت بھی ہے کہ انتظامیہ ایس او پیز کا خیال رکھے، شائقین ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ بھی رکھا جائے، جبکہ سٹیڈیم میں داخلے پر درجہ حرارت بھی دیکھا جائے، اِس سلسلے میں سٹیڈیم، پی ایس ایل اور کرکٹ بورڈ کی یہ  ذمہ داری بھی ہو گی کہ سٹیڈیم کی ”سٹرلائزیشن“ کی جائے۔اس فیصلے سے شائقین کرکٹ یقینا خوش اور مطمئن ہوں گے، دیکھنا یہ ہو گا کہ20 فیصد شائقین کے لئے ٹکٹ کی کیا قیمت ہو گی اور سٹیڈیم میں ان کے درمیان سماجی فاصلے کے لئے کیسے انتظامات ہوں گے۔

مزید :

رائے -اداریہ -