دوسرا ٹیسٹ: پاکستان 272پر آؤٹ، جنوبی افریقہ کے 4وکٹوں پر  106رنز 

  دوسرا ٹیسٹ: پاکستان 272پر آؤٹ، جنوبی افریقہ کے 4وکٹوں پر  106رنز 

  

  لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 272رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ،جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور مہمان ٹیم نے  28اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنا لئے ہیں دوسرے دن پاکستان نے 145رنز 3کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو فواد عالم اور بابر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کے لیے دن کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور 77رنز میں کسی اضافے کے بغیر ہی دن کی دوسری گیند پر اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے فواد عالم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آٹ ہو گئے، انہوں نے 45رنز بنائے۔ نوکیا نے 8رنز بنانے والے محمد رضوان کو چلتا کردیا۔دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کیشپ مہاراج نے حسن علی کی اننگز کا خاتمہ کردیافہیم اشرف 12چوکوں سے مزین 78رنز کی اننگز کھیل ناقابل شکست رہے جبکہ پاکستان کے 6کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 5جبکہ کیشپ مہاراج نے تین اور  ویان ملڈر نے 1وکٹ حاصل کی۔ جواب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو جلد ہی دو کامیابیاں مل گئیں۔ڈین ایلگر 15رنز کر آؤٹ ہوئے تو حسن علی نے اگلی ہی گیند پر وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ کردیا۔ فاف ڈپلسی اس اننگز میں بھی ناکام رہے اور 17رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ ایڈن مارکرم نعمان علی کو شارٹ مارنے کے چکر میں کیچ دے بیٹھے وہ 32رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے 28اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنا لئے ہیں جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مہمان ٹیم کو مزید 166رنز درکار ہیں۔جنوبی افریقہ کے کپتان  ڈی کوک24جبکہ تیمبا بوویما15رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں حسن علی نے 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -