یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف کھیلوں کا انعقاد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں مختلف کھیلوں کا انعقاد کیاگیایوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سید عاقب علی شاہ نے کشمیر ڈے سائیکل ریس جیت لی۔سائیکل ریس قذافی اسٹیڈیم کے مرکزی گیٹ فیروز پور روڈ سے شروع ہوئی جو للیانی سے ہوتی ہوئی اسی مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔مقابلے میں ساٹھ سائیکلسٹس نے 45کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جبکہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف پر کھیلے گئے میچ میں رانا ظہیر ہاکی کلر ٹیم نے وائٹ ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔گروپ فوٹو کے موقع پر کھلاڑیوں نے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔میچ کے اختتام پر ہیڈکوچ خواجہ جنید نے انعامات تقسیم کیے۔ فیصل آباد میں ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں نے کشمیری عوام کے ساتھ ثقافتی انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا۔
کھلاڑیوں نے کہا کہ کشمیری عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، ہم ہر لمحہ ان کے ساتھ ہیں۔ فٹ سال کے نمائشی میچ میں کشمیر الیون نے اسلام آباد الیون کو ایک سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔
اسی طرح ملک بھر میں دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جن کا مقصد یوم کشمیر پر کشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی تھا۔