قائد اعظم کا خواب کشمیر کی آزادی کے بغیر نامکمل ہے،امتیاز شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے یومِ کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، وہ کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے یاد دلایا کہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے اظہارِ یکجہتی کی غرض سے 1990میں اس وقت کی وزیر اعظم کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے یومِ کشمیر کو عام تعطیل کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائی گذشتہ 70 سال سے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم و بربریت کا شکار ہیں اور اپنی سرزمین سے بھارت کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لئے نہ صرف قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں بلکہ بڑی بہادری سے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی بے رحمانہ پالیسیوں نے جنت نظیر کشمیر کو عقوبت خانے میں بدل دیا ہے۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی زمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی تعصبانہ مودی سازشیں ناکام ہونگی۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہزار سال تک کشمیر کی آزادی کے لئے لڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا اور آج ہم بھی کشمیریوں کے لئے اسی عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تمام محازوں پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔