مقبوضہ وادی میں 7عشروں سے انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے‘ اسلم اقبال

   مقبوضہ وادی میں 7عشروں سے انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے‘ اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ڈسٹرکٹ کیمپ جیل میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے کیمپ جیل آمد پر صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔تقریب میں لوک فنکار سائیں ظہور، احمدنوازگلوکاراور دیگر فنکاروں نے ملی نغمے گا کر شرکا کا لہو گرمایہ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ ہمارا دینی اور قلبی رشتہ ہے۔پوری پاکستانی قوم آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کادن منارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یورپی معاشرے میں اگر کسی جانور پر ظلم ہو جائے تو کہرام مچ جاتا ہے۔مقبوضہ وادی میں گزشتہ 7عشروں سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔والدین کے سامنے بچوں اور بچوں کے سامنے والدین کو شہید کیا جارہا ہے۔ماں، بیٹیوں اور بہنوں کی عصمت دری ہو رہی ہے۔نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی بیحسی قابل افسوس ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں پر بھارتی جبرو ستم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کر نا ہوگا اور خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کے تنازعہ کوکشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔  
اسلم اقبال

مزید :

صفحہ آخر -