کشمیرپر حکومت نے کیا کیا، احسن اقبال کے وزیراعظم سے 12 سوال

کشمیرپر حکومت نے کیا کیا، احسن اقبال کے وزیراعظم سے 12 سوال

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی کشمیر فروشی،نااہلی پر چپ نہیں رہ سکتا، پی ٹی آئی حکومت کشمیر پر یا تو بہت بڑی ناکامی،مجرمانہ نااہلی کی ذمہ دار ہے یا پھر اس نے کشمیر فروشی کی،72سال میں بھارت مقبوضہ کشمیر کو ضم نہ کرسکا، اسے ہمت عمران خان کے پاکستان کو داخلی، معاشی و سفارتی سطح پر کمزور کرنے کی وجہ سے ہوئی۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان سے 12سوالات کے جواب مانگتے ہوئے کہا کہ مودی کے اپنے منشور میں کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کے واضح اعلان کے باوجود عمران خان نے مودی کی انتخابات میں کامیابی کیلئے ٹویٹ کیوں کیا تھا؟۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے صدر کی جانب سے 27مئی 2019کو اس اعلان کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت میں ضم کر دیا جائے گا، عمران خان نے کیا عملی اقدامات کئے؟۔ دنیا کی سب سے زیادہ قابض فوج کی موجودگی والے علاقے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے 1لاکھ 80ہزار اضافی فوج بھجوانے پر عمران خان نے کیا کیا؟۔ جولائی 2019کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے مقبوضہ خطے کے دورے کا نوٹس لینے میں عمران خان حکومت کیوں ناکام رہی اور اس معاملے میں ہاتھ پر ہاتھ دھر کر کیوں خاموش بیٹھی رہی؟۔جولائی 2019میں جب قابض بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے سیاحوں کو نکالنا شروع کیا تو عمران خان حکومت نے کیا کیا؟۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے عزائم کے بارے میں کیا بتایا؟۔پانچ اگست کے بھارتی اقدام کے بعد وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے فعال، موثر اور عملی خارجہ پالیسی کی راہ کیوں اختیار نہیں کی؟، کیوں عمران خان نے اس معاملے پر حمایت حاصل کرنے کے لئے کسی ایک بھی دوست ملک کا دورہ نہیں کیا؟۔ اہم اور دوست ممالک جانے اور قومی مفاد پر حمایت حاصل کرنے کے بجائے ہمارے وزیر خارجہ اپنے شہر میں مریدین کے ہمراہ میڈیا پر خطاب میں مصروف رہے۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ عمران خان حکومت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انفارمیشن بلیک آٹ اور کرفیو ختم کرانے کیلئے دنیا کے اہم دارلحکومتوں بالخصوص سلامتی کونسل کے رکن ممالک میں پاکستان کے خصوصی ایلچی کیوں نہیں بھیجے؟۔ قومی اسمبلی کی قرارداد کے باوجود جموں کشمیر پر او آئی سی کا خصوصی سربراہی اجلاس بلانے کی درخواست اور اس ضمن میں لابی کیوں نہیں کی گئی؟۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ اول -