مسئلہ کشمیر پر سیاست ہر گز قابل قبول نہیں: کامران بنگش

مسئلہ کشمیر پر سیاست ہر گز قابل قبول نہیں: کامران بنگش

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر سیاست ہر گزقابل قبول نہیں، کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر انڈیا کا غاصبانہ قبضہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے دی جانیوالی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ پختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر کے رابطہ پُل کوہالہ پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پختونخوا حکومت کی نمائندگی کررہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزرا سمیت، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرا سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز دس بجے سائرن بجا کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے منعقدہ واک سے کیا گیا۔ واک میں وزرا کے علاوہ، سکول کے بچوں اور حریت رہنماوں سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ واک کے دوران کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی بلند کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سفیر کشمیر وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم کے سامنے مودی کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کی تائید اور اس پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہندوستان کا سفاک چہرہ، مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اور غیر انسانی کرفیو کی صورت میں دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ پاکستان میں بسنے والا ہر با شعور انسان کشمیر کی آزادی کیلئے تگ و دو جاری رکھے گا۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کامران بنگش کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کی کشمیر کی آزادی کیلئے دی گئی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ پختون بھائی آج بھی کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر آزادی کشمیر کی وکالت اور حمایت کرینگے۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر انڈیا کا غاصبانہ قبضہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مظالم بند کرے۔ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے دی جانیوالی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کامران بنگش نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیریوں کو ان کی سرزمین پر قیدی بنا کر رکھنے کے بھارتی اقدام کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئیے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم اور کشمیری عوام ایک جان دو قالب ہیں۔ کشمیری بھائی سن لیں، ہم کل بھی آپ کیساتھ تھے، آج بھی ہیں، تا ابد آپ کے ساتھ رہینگے۔ پنڈال سے گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم راجہ اعظم خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور آزادی کشمیر کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی برائے عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے مقررین، وزراء، انسانی حقوق کے علمبرداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ اول -