سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس 

سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس 

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت شہر کراچی میں پارکنگ مسائل کے حل، تجاوزات کے مکمل خاتمے اور پارکوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے حوالے سے مور خہ 4  فروری کو اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر کراچی نوید احمد، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، اسپیشل سیکرٹری نجیب احمد، میٹرو پولیٹن کمشنر کراچی افضال زیدی سمیت دیگر افسران شریک تھے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں ہونے والے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں سرکاری اراضی سے قابضین کا خاتمہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کامیاب کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نجم احمد شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں کو مستقل طور پر بحال اور رواں رکھنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ دوبارہ سے ان پر تجاوزات کسی بھی صورت قائم نہ ہونے دی جائیں اور مستقل بنیادوں پرانسداداتجاوزات کا محکمہ جامع و مربوط حکمت عملی کے ساتھ ویجیلنس کا نظام ترتیب دے۔ پارکوں اور عوامی تفریح گاہوں کی خوبصورتی اور دیکھ بھال کے موضوع پر نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام پارکوں اور زولوجیکل گارڈنز میں عوام کی بڑی تعداد تفریح کی خاطر جاتی ہے، لہذا اس بات کو سو فیصد یقینی بنایا جائے کہ فیملی اور چلڈرنز پارکوں میں اوباش اور مشکوک افراد داخل نہ ہوپائیں، تاکہ بچے اور خواتین پرسکون انداز میں لطف اندوز ہوسکیں۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تما م تفریحی مقامات اور پارکوں کی باونڈری والز اور جالیوں کے ساتھ کسی بھی طرح تجاوزات نظر نہیں آنی چاہیں اور کھیل کے تمام میدانوں میں صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے لئے اقدامات کو بروئے کا ر لایا جائے۔ شہر کے مختلف پر ہونے والی چارجڈ پارکنگ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ باقاعدہ ٹینڈر اور مشتہر کردہ مقامات کے علاوہ کسی بھی مقام پر غیر متعلقہ افردا کو عوام سے پارکنگ فیس کے نام پر رقم حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے اور کسی بھی خودساختہ اور غیر قانونی پارکنگ کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نجم احمد شاہ نے بطور خاص کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی صفائی وستھرائی کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور مختص کردہ مقامات کے علاوہ کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ نمائندہ۔۔۔۔۔سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے روزمرہ کے مسائل سے نبٹنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام بلدیاتی اور انتظامی ادارے یکجا اور مکمل رابطے ہوں تاکہ کسی بھی عوامی خدمت کے عمل میں تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نجم احمد شاہ نے بتایا کہ صوبے اور شہر کی بہتری کی خاطر محکمہ بلدیات سندھ کوجدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس سارے عمل میں وزیر بلدیات و وزیر اعلی سندھ کی خصوصی توجہ اور دلچسپی ان کے ساتھ شامل ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -