راولپنڈی ٹیسٹ، حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ، پروٹیز پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی ٹیسٹ، حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ، پروٹیز پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ
راولپنڈی ٹیسٹ، حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ، پروٹیز پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں فاسٹ باؤلر حسن علی نے پروٹیز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کو 71 رنز کی برتری مل گئی ہے، فاسٹ باؤلر حسن نے علی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ 
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افیرقہ کے کوینٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے 106 رنز چار کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک 29 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 164 کے مجموعی سکور پر ویان ملڈر 33 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے جبکہ 186 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے بھی حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز بنائے۔ پروٹیز کو آٹھواں نقصان 192 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور کیشو مہاراج ایک سکور بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی اینرچ نورٹجے تھے جو بغیر کوئی سکور بنائے حسن علی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ 
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15.4 اوورز میں 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی، میڈیم فاسٹ باﺅلر فہیم اشرف اور سپنر نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 272 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئی۔ فہیم اشرف ناقابل شکست 78 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے اور بابراعظم نے 77 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ 15، عابد علی چھ، اظہر علی صفر، فواد عالم 45، محمد رضوان 18، حسن علی آٹھ، یاسر شاہ آٹھ، نعمان علی آٹھ اور شاہین شاہ آفریدی کوئی سکور نہ بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر اینرچ نورٹجے نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24.3 اوورز میں 56 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کیشو مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویان ملڈر ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

مزید :

کھیل -