دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن ’ڈول‘ گئی، صرف 76 رنز پر کتنے کھلاڑی آؤٹ ہو گئے؟ ناقابل یقین خبر آ گئی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہے جس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا لئے ہیں اور اسے پروٹیز کیخلاف 147 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے عمران بٹ اور عابد علی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پانچویں اوور میں ہی عمران بٹ بغیر کوئی سکور بنائے کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کراچی ٹیسٹ میچ اور راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہونے والے عابد علی کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے اور53 گیندیں کھیل کر 13 رنز بنائے مگر 28 کے مجموعی سکور پر وہ بھی کیشو مہاراج کی گیند پر کوینٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی جلد ہمت ہار بیٹھے اور 45 کے مجموعی سکور پر محض آٹھ رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز اظہر علی 33 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کراچی ٹیسٹ میچ کے ہیرو فواد عالم بھی پروٹیز کی باﺅلنگ کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے اور 12 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، پاکستان کے فاسٹ باﺅلر حسن علی نے پروٹیز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور پانچ وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقی اننگز سمیٹ کر پاکستان کو برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کے کوینٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے 106 رنز چار کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک 29 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
164 کے مجموعی سکور پر ویان ملڈر 33 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے جبکہ 186 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے بھی حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز بنائے۔ پروٹیز کو آٹھواں نقصان 192 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور کیشو مہاراج ایک سکور بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی اینرچ نورٹجے تھے جو بغیر کوئی سکور بنائے حسن علی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15.4 اوورز میں 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی، میڈیم فاسٹ باﺅلر فہیم اشرف اور سپنر نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 272 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی۔ فہیم اشرف ناقابل شکست 78 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے اور بابراعظم نے 77 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ 15، عابد علی چھ، اظہر علی صفر، فواد عالم 45، محمد رضوان 18، حسن علی آٹھ، یاسر شاہ آٹھ، نعمان علی آٹھ اور شاہین شاہ آفریدی کوئی سکور نہ بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر اینرچ نورٹجے نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24.3 اوورز میں 56 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کیشو مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویان ملڈر ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔