یاراں جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت

یاراں جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت
یاراں جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت

  

پیرس (عاکف غنی ملک)یاراں جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت،جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی، کشمیر ی عوام اس صدی کے سب سے بڑے ظلم کا شکار ہیں۔اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی رائے کے ذریعے کرے جو کہ ان کی منزل ہے اور وہ  منزل الحاق پاکستان ہے ۔ 

1989سے لیکر آج تک بھارت نے تقریبا ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا،ہزاروں خواتین بیوہ ہوئیں ،لاکھوں بچے یتیم ہوئے ،لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ،سات لاکھ بھارتی افواج مسلسل کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہیں حریت کانفرنس کی قیادت کو اکثر قید و نظر بند کیا جاتا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے،انسانی حقوق کی پامالی کی جاتی ہے ۔پانچ اگست دو ہزار انیس سے کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے لوگ بند کمروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے، کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔ لیکن اقوام عالم اور انسانی حقوق کے دعویدار ادارے خواب خرگوش میں غرق ہیں ، کسی کے کانوں پر جون نہیں رینگی۔

اوورسیز پاکستانی و کشمیری ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و نہتے عوام پر بھارتی ظلم و ستم و بربریت کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے فرانس میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا۔ مسلم لیگ ق فرانس کے صدر چوہدری منیر احمد وڑائچ ، سینئر نائب صدر راجہ مظہر ذمہ واریہ  اور سینئر  و متحرک راہنما چوہدری سجاد احمد ڈوگہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لوگ کسی صورت اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں کیونکہ پاکستان، ریاست جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں اور وہ وقت آنے والا ہے کہ آزاد فضاؤں میں حق کی فتح کا جشن منائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے صدر چوہدری رزاق ڈھل ، سینئر راہنما چوہدری رضی الحسن ڈھل نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید سے لیکر بلاول بھٹو تک پیپلز پارٹی کے قائدین نے ہمیشہ کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔ اور ہم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مودی حکومت کے ظالمانہ فیصلوں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلوں کو نامنظور کرتے ہیں۔ کشمیریوں کی آزادی تک فرانس سمیت دنیا کے تمام فورمز پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ 

ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت سینئر نائب صدر پی ٹی آئی فرانس  شیخ نعمت الہی ، جنرل سیکریٹری چوہدری اعجاز جٹ ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری ماجد چیمہ ،  سابق ڈپٹی مرکزی سیکریٹری اطلاعات یاسر قدیر  ، اور سینئر راہنما و ممبر احتساب و ڈسپلن کمیٹی یورپ چوہدری گلزار لنگڑیال نے اپنے بیان میں کہا کہ  بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔ ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے۔ "کشمیر بنے گا پاکستان" اظہار یکجہتی کا دن  منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستانی کی شہ رگ ہے۔

 

اوورسیز فورم پاکستان منڈی بہاؤالدین کے سینئر راہنماؤں عصمت اللہ تارڑ ، چوہدری مظہر علی گوندل ، چوہدری فیصل گوندل سہنا نے کہا کہ  کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔ آج کا دن منانے کا اہم مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد دلائیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ان کی آزادی کے لئے سردھڑ کی بازی لگادیں گے۔ 

مسلم لیگ ن فرانس کے چئیرمین راجہ علی اصغر ، ممتاز کاروباری شخصیت و سینئر نائب صدر سردار ظہور اقبال ، صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ خان اصغر  اور جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن فرانس شیخ وسیم اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ نے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔

کاروباری شخصیات و کمیونٹی راہنماؤں  چوہدری شبیر کھوکھر آف سیالکوٹ ، آصف چوہدری ، یاسر خان ، چوہدری  اکرام رانجھا نے کہا کہ عالمی برادری کو آزمائش اور تکالیف کی اس گھڑی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حمایت کے لیے مزید کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کلاک پر ہر گزرتا ہوا سیکنڈ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے۔ بین الاقوامی برادری کوکشمیریوں کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تاکہ کشمیر عوام بھی باقی  دنیا کے انسانوں کی طرح آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ گرانس پاکستان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری چوہدری اشفاق سندھو ، بانی راہنما چوہدری محمد رفیق ، چوہدری جاوید امرہ اور چوہدری اسد نصیرہ ، میاں ساجد گورسی نے کہا کہ  اقوام عالم  کشمیر پر قابض قوت بھارت پر زور ڈالیں اور اسے مجبور کریں کہ وہ اقوام متحدہ کے حقائق معلوم کرنے والے مشن کومقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دے تاکہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معلوم کی جاسکیں۔

مزید :

تارکین پاکستان -